پولیس اور ایکسائز کا قانون شکنوں کیخلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے قانون شکنوں کیخلاف ایکشن مزید تیز کرنے اور موثربنانے کیلئے باہمی اشتراک سے ایک اقدام کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں اور ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلال اعظم کے درمیان سنٹرل پولیس آفس میں اہم ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران باہمی تعاون کو فروغ دینے اور قانون شکنوں کیخلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، 30 جون تک ای چالان اور ٹوکن ٹیکس کے بقایا جات کی عدم ادائیگی والی گاڑی کے مالکان کیخلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، کارکی تصدیق کے عمل کو تیز کرنے اور آسان بنانے کیلئے پولیس خدمت مرکز کے علاوہ ایکسائز آفس میں ایک نیا ڈیسک کھولا جائے گا،سا تھ ہی ساتھ31 جولائی تک غیرنمونہ اور فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی، نان کسٹم پیڈ اور کسی سنگین جرائم میں ملوث گاڑیوں کی بر وقت نشاندہی سے ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے، آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ڈیٹا انٹیگریشن کا مقصد دونوں محکموں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔