رات 9 بجے دکا نوں کی بندش کیخلاف اسلام آباد میں تاجروں کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور ٹریڈرز ایسوسی ایشن جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز کی قیادت میں رات 9 بجے دکانیں بند کر کے اوقات کار کی پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں تاجروں اور مارکیٹوں کے عہدیداران کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مارکیٹ کے تاجر کمفرٹ شوز کے مالک کے خلاف ایف آئی آر کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ دکانوں کو 9 بجے بند کروا دیا جاتا ہے جبکہ اسلام آباد کی ایسی سڑکیں بھی جگمگا رہی ہوتی ہیں جہاں سے رات کو کوئی بھی نہیں گزرتا۔ کنونشن سینٹر، میٹرو بس، پارکس اور دیگر جگہوں کی لائیٹس ساری رات جلتی رہتی ہیں لیکن لائٹوں کے چکر میں ہماری دوکانیں ہی بند کروا دی جاتی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسوں، بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات کے ریٹ اور ڈالر کی اڑان سے دن بدن معاشی صورتحال گمبھیر ہوتی جا رہی ہے اور تاجر برادری سخت پریشان ہے۔