25سے 30فیصد زائد بارشوں کا امکان ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب فیصل فرید نے کہاکہ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سیزن کے دوران 25سے 30فیصد سے زائد بارشوں کا امکان ہے،جڑواں شہروں میں بارش کی وجہ سے نالہ لئی میں سیلابی صورت پیدا ہو سکتی ہے سیلابی صورت سے نمٹنے اور شہر سے نکاسی آب کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں فلڈ کنٹرول کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز مرضیہ سلیم،ایم ڈی واسا تنویر احمد، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس تارڑ، ڈائریکٹر ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے،ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب فیصل فرید نے ڈائریکٹر ریسکیو 1122 کو ہدایت کی جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے اور مری میں برف باری میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرنے کیلئے مزید ضروری سامان کے حوالے سے سمری تیار کرکے لاہور بھجوائی جائے۔ انہوں نے ایم ڈی واسا کو ہدایت کی کہ لوگوں سیلابی صورت سے بچنے اور احتیاطی تدابیر کیحوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے واکس، سیمینارز اور شہر کی اہم شاہراہوں پر بینرز آویزاں کیے جائیں، ایم ڈی واسا تنویر احمد نے بتایا کہ نالہ لئی کی صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا جبکہ سیلابی صورت سے نمٹنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ۔