گرین لائن منصوبہ، بہارہ کہو اسٹیشن کی تعمیر ایک ماہ میں مکمل کر لی جائیگی
اسلام آباد(وقائع نگار) کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین و چیف کمشنر اسلام آباد نے جمعرات کے روز بلیو لائن اور گرین لائن بس سروس منصوبے کے تحت تعمیر کئے جانے والے کورال، پمز اور بہارہ کہو اسٹیشنز کا دورہ کیا۔ اور ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔اس موقع پر چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد کو متعلقہ شعبوں کے افسران کی جانب سے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گرین لائن منصوبے کے تحت تعمیر کئے جانے والے بہارہ کہو اسٹیشن کو ایک ماہ کی مدت میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ بلیو لائن منصوبے کے تحت تعمیر کئے جانے والے پمز اور کورال اسٹیشنز پر تیزی سے کام جاری ہے اور جلد ہی کام تکمیلی مراحل میں داخل ہوجائے گا۔ اسی طرح اس سروس کے آغاز سے اسلام آباد کے شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی بھی میسر آئے گی۔اس موقع پر چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور کام کے اعلیٰ معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔