پاکستان میں اولمپک ڈے کو منایا گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان میں اولمپک ڈے کو بھرپور انداز میں منایا گیا۔ مرکزی تقریب پی او اے کے زیر اہتمام ڈی ایچ اے میں منعقد ہوئی۔تقریب کا آغاز ڈی ایچ اے ہیڈ آفس سپورٹس کمپلیکس سے اولمپک ڈے واک سے ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی نائب صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن چوہدری محمد یعقوب اور ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈئر منیر احمد تھے۔ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کیلئے میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد سمیت مختلف کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداران بھی موجود تھے، ہاکی کا نمائشی میچ کرایا، جس میں اولمپیئنز اور نوجوانوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ آئی او سی پریذیڈنٹ تھامس باخ اور پی او اے صدر سید عارف کے آن لائن پیغامات بھی سنائے گئے ۔ تقریب میں اولمپک ڈے کے حوالے سے کوئز مقابہ بھی کرایا گیا جس میں اولمپک کی تاریخ کے حوالے سے سوالات پوچھے گئے۔ اس موقع پر اولمپیئن کرنل (ر) مدثر اصغر، اولمپیئن توقیر ڈار، اولمپیئن ڈاکٹر طارق عزیز، اولمپیئن منظور الحسن سنیئر، اولمپیئن شبانہ اختر سمیت اولمپیئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔