وفاقی ٹیکس محتسب،بدعنوانی اور بدانتظامی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ،مہر کاشف یونس
لاہور(کامرس رپورٹر ) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے ٹیکس دہندگان کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے انتہائی آسان طریقہ متعارف کرایا ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب کے اعزازی کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے گزشتہ روز تاجروں کیساتھ ایک آگاہی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب بدعنوانی و بدانتظامی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔ ان کے دور میں دیگر اقدامات کیساتھ شکایت کے ازالے کا غیر رسمی طریقہ کار دوبارہ فعال ہو گیا ہے۔ اگرچہ یہ سہولت دستیاب تھی لیکن اسے شاید ہی کبھی استعمال کیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نان ٹیکس بیوروکریٹس کو ایف ٹی او مقرر کیا جاتا تھا جن میں ٹیکس کے معاملات میں عدالتی وژن اور دانشمندی کا فقدان تھا۔ مہر کاشف نے کہا کہ اب ایف ٹی او نے تمام ایڈوائزرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس غیر رسمی طریقہ کار کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات کو خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکے گا۔ جس سے متاثرہ ٹیکس دہندگان کو فوری ریلیف ملے گا۔