حکومت سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرے گی : سیکرٹری تجارت
لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان اور سعودی عرب نے تعمیرات، زراعت، لائیو سٹاک، آئی ٹی سمیت کئی شعبوں میں اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کی ہے۔ اس عزم کا اعادہ ایک اعلیٰ سطحی سعودی تجارتی وفد کے اعزاز میں پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی جانب سے پنجاب سول آفیسر ز میس جی او آر میں منعقد ہ تقریب کے دوران کیا گیا۔ سعودی تجارتی وفد کی قیادت فہد البعاش نے کی ،وفدمیں سعودی بزنس چیمبر کے ممبران بھی شامل تھے۔ سیکرٹری صنعت وتجارت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او عمران امین،سی ای او پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ا حمر ملک، سی ای او پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی امجد علی اعوان اور پنجاب کے دیگر معروف صنعت کار بھی موجود تھے۔اس موقع پر سیکرٹری صنعت وتجارت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ معاشی روابط کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین فہد الباش نے کہا کہ ’’سعودی اور پاکستانی بزنس کمیونٹی الگ الگ ادارے نہیں بلکہ یہ دو بھائی ہیں ۔ یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ پنجاب سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرا پڑا ہے جس میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے کیونکہ یہاں کے لوگ غیر معمولی طور پر با صلاحیت اور ہنر مند ہیں۔لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او عمران امین نے وفد کو سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب اور جدید اربنائزیشن کے منصوبے راوی سٹی کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بین الاقوامی اور ملکی سرمایہ کاروں کیلئے ممکنہ کاروباری مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’انفرسٹرکچر کی ترقی کامیابی کا ایک گیٹ وے ہے اور ہم خوش قسمت ہیں کہ موجودہ حکومت کی بنیادی توجہ صوبہ پنجاب کے انفراسٹرکچر کی ترقی پر ہے۔ سعودی عرب تجارتی تعاون کے حوالے سے ہمیشہ پاکستان کا قریبی اتحادی رہا اور سعودی تاجر برادری نے ہمیشہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کا خیرمقدم کیا ہے۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے جانب سے ڈائریکٹر سہیل قادری نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سرمایہ کاروں کو میسر سہولیات و مراعات پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی۔سیکرٹری صنعت وتجارت احمد جاوید قاضی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت ملک میں صنعتی انقلاب لانے کیلئے سرمایہ کاروں کو ہر طر ح کی سہولیات فراہم کرے گی۔