صنعتکاروں کی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے گا،بلیغ الرحمن
لاہور(نیوز رپورٹر )گورنر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ انجینئرنگ معاشی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کیساتھ ساتھ لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز چیئرمین انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ الماس حیدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے گورنر ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ گورنر نے کہا کہ صنعتی انجینئرنگ کسی بھی صنعت کی پیداوار اور کوالٹی بڑھانے کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انجینئرنگ کی بنیاد کو مضبوط بنانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔ اس سے ملک میں صنعتی انقلاب لانے اور ٹھوس بنیادوں پر معاشرے کے پسے طبقے کے حالات اور طرز زندگی کو بہتر بنانے کا دیرینہ خواب پورا ہو گا۔ نہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو بہت اہمیت دیتی ہے اور کاروبار کرنے میں آسانیاں اور اچھے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے الماس حیدر کو یقین دہانی کرائی کہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے غیر قانونی نوٹسز کے حوالے سے صنعتکاروں کی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر الماس حیدر نے گورنر کو ای ڈی بی کے کام اور ذمہ داریوں کے بارے میں مختصراً بریفنگ دی ۔