لاہور : پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کے سابق ڈین پروفیسر مغیث الدین شیخ کورونا کے باعث انتقال کرگئے ۔وہ کئی روز سے علیل اوروینٹی لیٹرپر
تھے ۔
پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کے سابق ڈین پروفیسر مغیث الدین شیخ انتقال کر گئے، وہ کئی روزسے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کاکورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اورانہیں گزشتہ روز وینٹی لیٹر پرمنتقل کیا گیا تھاتاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ پروفیسر مغیث الدین شیخ پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کے ڈین ہونے کے علاوہ کئی دیگرتعلیمی اداروں میں تدریسی خدمات بھی سرانجام دیتے رہے۔
ڈاکٹر مغیث الدین شیخ نے اپنے تدریسی کیریئر کا آغاز 1976 میں شعبہ ابلاغیات گومل یونیورسٹی سے لیکچرار کے طور پر کیا۔ 1982 میں پنجاب یونیورسٹی جوائن کیااور لاہور میں 28 سال تک تدریسی خدمات انجام دیں ۔ انہیں 2003 میں ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین کے عہدے پر مقرر کیا گیا تھا۔ اپنی ترقی پسندانہ ویژن سے انہوں نے ڈیپارٹمنٹ کوآگے بڑھایا اور اسے جنوبی ایشیاء کے ایک اعلی انسٹی ٹیوٹ میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے نصاب کو جدید بنایا اور ڈاکٹریٹ اور ایم فل پروگراموں کے معیار کو بہتر بنایا۔ ایم فل اور پی ایچ ڈی ڈی پروگراموں کے لئے کورس متعارف کرانے کاآغازبھی انہوں نے کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے بی ایس 4 سالہ پروگرام اور فلم اینڈ ٹی وی پروڈکشن کا ماسٹر پروگرام بھی پیش کیا۔ میڈیا ایجوکیٹرز کونسل کے پہلے متفقہ طور پر منتخب صدر اور پاکستان کی تمام بڑی جامعات کے بورڈ آف اسٹڈیز کے ممبر تھے۔