حکومت کی ناکامی معاشی پالیسیوں کے خلاف تحریک چلے گی، بھاگنے والے نہیں، پیپلز پارٹی
کراچی(نیوز رپورٹر) وفاقی بجٹ کے خلاف پیپلزپارٹی کی کال پرکراچی میں بڑی ریلی نکالی گئی، پیپلزپارٹی کے رہنماوں نے کہاہے کہ قائدین کی گرفتاریوں کے باوجود حکومت مخالف تحریک چلے گی ،پیپلزپارٹی گرفتاریوں اورانتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ،عوام اورتاجردشمن بجٹ کے خلاف کراچی کی ریلی صرف ٹریلرہے اصل فلم بلاول بھٹو کی قیادت میں کراچی میں جلد چلے گی ،سعید غنی نے ایم کیو ایم سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام دشمن وفاقی بجٹ اورغریب عوام میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں،سلیکٹیڈ حکومت اوروزیراعظم یوٹرن کی وجہ سے عوامی اعتماد کھوچکے ہیں،بلاول بھٹو زرداری جولائی میں کراچی میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارپیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کراچی پریس کلب پرآئی ایم ایف اوروفاقی حکومت کے بجٹ کے خلاف پیپلزسیکریٹریٹ سے نکالی گئی ریلی کے اختتام پرکراچی پریس کلب پرجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں پیپلزپارٹی کے تحت بجٹ اورمہنگائی کے خلاف پیپلزسیکریٹریٹ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پیپلزپارٹی کے مرکزی وصوبائی قائدین اورکراچی ڈویڑن کے عہدیداروں نے کی۔ ریلی کے شرکائ کے ساتھ قائدین نے کراچی پریس کلب تک پیدل مارچ کیا ،ریلی میں شرکت کے لیے کراچی کے چھ اضلاع سے پیپلزپارٹی اور ذ یلی تنظیموں پیپلزلیبربیورو،پیپلزپارٹی شعبہ خواتین ،پیپلزیوتھ ، پیپلزپارٹی منارٹی ونگ ،پی ایس ایف ،پیپلزلائرز فورم کے تحت جلوس شرکت کے لیے پیپلز سیکریٹریٹ پہنچے۔ ریلی میں پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل وقارمہدی،نائب صدرراشد ربانی،سیکریٹری اطلاعات عاجزدھامراہ ، حبیب الدین جنیدی، مرزا مقبول ،سردارخان، امان اللہ محسود، آصف خان، خالد لطیف ، ضلعی صدورمرتضی بلوچ ،لیاقت آسکانی، جاوید شیخ ، علی احمد، ساجد جوکھیو، پیپلزیوتھ کے جاوید نایاب لغاری،راشد خاضخیلی ، اسلم سموں ، سلیم سومرو،دیگر نے شرکت کی۔ سعید غنی نے کہاکہ آئی ایم ایف بجٹ سے پہلے پیپلزپارٹی کی قیادت کوگرفتارکیا گیا تاکہ پیپلزپارٹی کوخوفزدہ کیا جاسکے اورجب پیپلزپارٹی مہنگائی کے خلاف سڑکون پرنکلے تویہ کہا جائے کہ کارکنان بجٹ نہیں بلکہ اپنے قائدین کی گرفتاریوں کے خلاف نکلے ہیں انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو گرفتاریوں کے خلاف نہیں غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے نکلے ہیں انہوں نے کہاہے کہ اگرمجھے بھی گرفتارکرنا ہے تو کرلو مگرعوام دشمن بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے مانگے تانگے کی حکومت کے پاس بجٹ پاس کرانے کے لیے ووٹ نہیں ہیں بجٹ پاس کرانے کے لیے اسے ایم کیو ایم اوردیگراتحادیوں کی حمایت درکارہے۔ انہوں نے ایم کیوایم سے سوال کیا کہ تم آئی ایم ایف کے بجٹ کوووٹ دینا چاہتے ہو یا غریب عوام کے ساتھ کھڑے ہونا چاہتے ہو،ایم کیوایم نے نیازی حکومت کے بجٹ کوووٹ دیا تو آٹا مہنگا ہوگا ،غریب بچوں کوروٹی نہیںکھلا سکے گا اگرغریبوں سے محبت ہے تو ایم کیو ایم والے غریب دشمن بجٹ کومسترد کریں۔ جاوید ناگوری نے کہاکہ آصف علی زرداری اورفریال تالپورکی گرفتاری اورحکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کے خلاف تحریک چلائیں گے انہوں نے کہاکہ ہم دیواریں پھلانگ کربھاگنے والے نہیں۔