مریم نواز 7جولائی سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز 7جولائی سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گی، پہلا عوامی جلسہ منڈی بہائوالدین میں کیا جائے گا مسلم لیگ (ن) نے العزیزیہ ریفرنس میں قید پارٹی قائد نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں مناسب طبی سہولیات کی عدم فراہمی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں پہلا جلسہ 7جولائی کو سپورٹس گرانڈ منڈی بہائوالدین میں ہو گا، مریم نواز شریف جلسہ سے خطاب کریں گی۔ آئندہ ماہ مریم نواز پنجاب کے مختلف شہروں میں 4جلسے کریں گی۔ مریم نواز جولائی کے آخری ہفتے میں صوبہ سندھ کا دورہ کریں گی اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب بھی کریں گی۔منڈی بہاؤالدین+گجرات (نامہ نگاران) مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا۔ سات جولائی کو شام سات بجے مریم نواز منڈی بہاؤالدین کے قائداعظم گراؤنڈ میں بجٹ نامنظور عوامی جلسہ سے خطاب کریں گی۔ عوام سے ووٹ لینے والے حکومت سے باہر اور ووٹ چوری کرنے والے اقتدار پر بیٹھے ہیں۔ اب جمہوریت اور معیشت بچانے کا وقت آگیا ہے۔ منڈی بہاؤالدین کے نواحی گاؤں چیلیانوالہ میں قومی اسمبلی کے امیدوار مشاہد رضا گجر کی رہائش گاہ پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ الیکشن میں پورے ملک میں دھاندلی ہوئی، نتائج بدلے گئے۔ آج ملک خطرات میں ہے تو طاہرالقادری سکون سے باہر بیٹھا ہے۔ نوازشریف اگر چور ہوتے تو اپنی اہلیہ کو بیماری میں چھوڑ کر 22 کروڑ عوام کیلئے پاکستان واپس نہ آتے۔ موجودہ بجٹ نے عوام کا سکون چھین لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نہ نکلے تو پاکستان کی سالمیت اور پاکستان کے آئین، پاکستان کے نظریے اور سرحدوں کو خطرہ ہے۔ 22کروڑ عوام کو مریم نواز کے ساتھ نکلنا ہوگا تبھی پاکستان کو بچایا جاسکتا ہے۔ مریم نواز نے ہتھکڑیاں پہننے کے لئے چوڑیاں پہننا چھوڑ دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری 7جولائی کے جلسہ میں شرکت کے لیے گھر سے نکلے اور پاکستان کو بچانے میں ساتھ دیگا۔ کنونشن سے مشاہد رضا امیدوار قومی اسمبلی، سابق معاون خصوصی وزیراعظم ناصر بوسال نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر حمیدہ وحیدالدین ،مسلم لیگ یوتھ ونگ کے ضلعی صدر میاں آصف بشیر، سابق وفاقی وزیر ممتاز احمد تارڑ، سابق ایم پی اے پیر سید محفوظ مشہدی، سابق ایم پی اے طارق رضوی ،چیئرمین یونین کونسلز اور دیگر رہنما و کارکن بھاری تعداد میں موجود تھے۔گجرات سے نامہ نگارکے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما کیپٹن (ر)صفدر نے گجرا ت میں لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سن لے اگر جی ٹی روڈ پر نواز شریف کی بیٹی نکلی تو وہ اسکا استعفیٰ ہی اسلام آباد سے لیکر واپس آئیگی نواز شریف کا جیل میں ہونا کوئی بات نہیں کیونکہ جب مقصد بڑا ہو تو جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں آتی ہیں جب ملک بچانا مقصد ہو تو 70 سال کی عمر میں تکلیفیں برداشت کرنی پڑتی ہیں تبھی خدا کی ذات نے اسے لیڈر بنایا ہے ایوب خان ، مشرف تو لیڈر نہیں بن سکے مگر نواز شریف اور ذوالفقار علی بھٹو لیڈر ضرور بنے۔