بھارت نے مذہبی آزادی کے حوالے سے امریکی رپورٹ مسترد کردی
نیو دہلی(آئی این پی /شنہوا) بھارتی حکومت نے امریکی محکمہ داخلہ کی جاری کردہ مذہبی رپورٹ مسترد کردی اور کہا ہے کہ یہ رپورٹ قابل اعتماد نہیں ہے ، بھارت میں شہریوں کے حقوق کو آئینی تحفظ حاصل ہے ،بھارتی آئین تمام شہریوں بالخصوص اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور بھارت کو اپنے سیکولر ہونے پر فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ بھارت ایک جمہوریہ ہے جہاں ملک کا آئین مذہبی آزادی کو تحفظ دیتا ہے اور جہاں جمہوری حکومت کام کرتی ہے، قانون کی حکمرانی اور بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ نے بھی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملک کو ہمارے شہریوں کے بارے میں رائے قائم کرنے کا حق نہیں جہاں انہیں آئینی تحفظ حاصل ہے۔