حکومت نے سٹیٹ بینک سے مزید قرضے نہ لینے کا فیصلہ کرلیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے اعلان کیا ہے کہ قرض دوگنا بڑھ جانے کی وجہ سے آئندہ مالی سال کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سے قرض نہیں لیا جائے گا۔ رواں مالی سال کے دوران 14 جون تک حکومت نے مرکزی بینک سے 27 کھرب روپے کے قرضے لیے لیکن گذشتہ برس یہ قرضے صرف 14 کھرب 30 ارب روپے تک لیے گئے تھے۔ رواں مالی سال کے دوران حکومت کی ٹیکس وصولی میں واضح کمی کی وجہ سے حکومت، مرکزی بینک سے بڑی تعداد میں قرضے لینے پر مجبور ہوئی تاہم آئندہ برس قرضے نہ لینے کا فیصلہ موجود صورتحال کا عکاس نہیں۔ حکومت نے مالی سال 20-2019 کے بجٹ میں آمدن کو 14 کھرب روپے تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے جس میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ اور سبسڈیز میں کمی شامل ہے۔