سول ایوی ایشن اتھارٹی اب ایئرپورٹ ٹیکس پاکستانی کرنسی میں وصول کرے گی، کارگو تھروپٹ چارجز کا نظام بھی خود سنبھال لیا
لاہور، کراچی (نیٹ نیوز، این این آئی) سول ایوی ایشن اب مسافروں سے ڈالر کے بجائے پاکستانی کرنسی میں ٹیکس وصول کرے گی۔ڈی جی سول ایوی ایشن کی جانب سے تمام ایئر پورٹس مینجر کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق سول ایوی ایشن اب ایئر پورٹ ٹیکس کی مد میں مسافروں سے ڈالر کے بجائے پاکستانی کرنسی میں ٹیکس وصول کرے گی جس کے بعد پاکستانی کرنسی میں 2800روپے وصول کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بیرون ملک جانے والے مسافروں سے 20 ڈالر فی کس وصول کیے جاتے تھے، ملک میں ڈالر کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے مذکورہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کارگو تھروپٹ چارجز کی وصولی کا نظام خود سنبھال لیا، عملہ تعینات کرکے فی کلو گرام فکس ریٹ مقرر کردیئے گئے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ سول ایوی ایشن کی کارگو تھروپٹ چارجز کی وصولی سے ادارے کو کروڑوں روپے کا ریونیو حاصل ہوگا، عوامی شکایات موصول ہونے پر سی اے اے نے لاہور اور کراچی ایئرپورٹ پر نجی کمپنی سے معاہدہ ختم کردیا۔