حارث سہیل اچھا کھیلے ، کیچزبہت چھوڑے ، کامیابی ٹیم پرفامنس کا نتیجہ ہے : سرفراز احمد
لندن (سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کامیابی ٹیم پرفارمنس کا نتیجہ ہے، میچ میں بہت کیچز چھوڑے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اور حارث سہیل نے بہترین بلے بازی کی، ٹیم کمبی نیشن کی وجہ سے حارث کو پہلے موقع نہیں ملا۔ مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے آخری 15اوورزمیں بٹلر کی طرح کھیلا، آج کے میچ میں ہم نے بہت کیچز چھوڑے ہیں فیلڈنگ میں ہمیں محنت کی ضرورت ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عامر، شاداب خان اور وہاب ریاض نے بہت اچھی بولنگ کی، آج کے میچ میں مداحوں کی جانب سے سپورٹ کرنے پر شکر گزار ہوں۔مین آف دی میچ حارث سہیل نے کہا کہ مجھے کہا گیا تھا کہ بابر اعظم کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا، میں گیا اور اپنا نیچرل گیم کھیلا اور بابر کے ساتھ پارٹنر شپ لگائی۔کوشش کی کہ زیادہ سے زیادہ وکٹ پر ٹھہروں اور سکور کو بڑھاتا رہوں۔پلان کے مطابق کھیلا اور بہتر کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوا۔کوشش ہوگی آئندہ میچوں بھی اسی طرح پرفارم کروں اور ٹیم کی جیت کی اہم کردار ادا کروں ۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف 49 رنز سے کامیابی کے بعد سابق کھلاڑیوں اور وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔خیال رہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ اپنے بقیہ تینوں میچز بھی جیتنے ہیں، قومی ٹیم 26 جون بروز بدھ کو ورلڈ کپ کی ناقابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ سے میچ کھیلے گی، اس کے بعد بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی میچز ہونا ہے۔