ٹرمپ نے شمالی کوریا کیخلاف پابندیوں میں ایک سال کی توسیع کر دی
واشنگٹن(اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے متعلق قومی ہنگامی حالت میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ ٹرمپ کے اس فرمان کے بعد شمالی کوریا کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیاں مزید ایک سال تک جاری رہیں گی۔ شمالی کوریا کے خلاف قومی ہنگامی حالت کا قانون پہلی بار2008ء میں امریکہ کے اس وقت کے صدر جارج بش کے دور میں جاری کیا گیا تھا اور ہر سال اس میں توسیع کر دی جاتی ہے۔ یہ قانون امریکی صدر کو اس بات کا اختیار دیتا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے اثاثے منجمد اور ضبط کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے شمالی کوریا پر ایٹمی پھیلاؤ، خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے اور امریکیوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے جیسے الزامات عائد کرتے ہوئے ہنگامی حالت کے قانون میں توسیع کی ہے۔