چین پاکستان کو علاقائی روابط کا مرکز بنانے کیلئے پرعزم
پاکستان کا مستقبل روشن ہے‘ علاقائی روابط کا مرکز دیکھنا چاہتے ہیں‘ چینی سفیر۔ تعلقات سات دہائیوں پر مشتمل ہیں‘ سی پیک کے تحت اسکی معاشی ترقی میں کام ہورہا ہے۔ اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب۔
چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی بلاشبہ دنیا بھر میں ضرب المثل بن چکی ہے۔ یہ دوستی دن بدن مزید مستحکم ہوتی جارہی ہے۔ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا نہ صرف ساتھ دیا بلکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھی پیش پیش رہا ہے۔ سیاسی معاملات ہو ںیا عالمی مسائل ہر جگہ دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان کے معاشی مسائل کو حل کرنے کیلئے چین نے سی پیک کے تحت جو عظیم اقتصادی ترقی کے منصوبے کا آغاز کیا ہے وہ اس پورے خطے میں ترقی کی نئی شاہراہیں کھولے گا جس سے پاکستان میں معاشی اور اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ خوشحالی کی راہیں بھی کھلیں گی۔ اس منصوبے کی بدولت پاکستان چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان رابطے کا ایک مرکز بن جائیگا جس کا پورے خطے کے ممالک کو فائدہ ہوگا اور انکے درمیان ایک مضبوط رشتہ اور تعلق قائم ہوگا جس کے ثمرات پاکستان کو حاصل ہونگے۔ اس سے علاقے کے ممالک میں امن و استحکام پیدا ہوگا اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔