اسلام نے امن، یکجہتی، علم کے تبادلہ جیسی اقدار کے فروغ پر زور دیا: گوئٹرس
نیو یار ک (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرس نے کہا ہے کہ اسلام نے سماجی امن وانصاف ، مکالمہ اور علوم کے تبادلہ کے فروغ جیسی اقدار کی اہمیت پر بڑا زور دیا ہے جبکہ رمضان مبارک میں غریبوں اور مفلسوں سے ہمدردی اور خیرسگالی جیسے جذبوں کی تجدید کی جاتی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب اور 6اسلامی ممالک کی طرف سے مشترکہ طورپر دی گئی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے امن ، یکجہتی اور علم کے تبادلہ جیسی اقدار کو فروغ کی اہمیت پر زور دیا ہے جبکہ قرآن اور حدیث میں بھی ترک وطن کرنے والوں کے تحفظ کیلئے کہا گیا ہے ۔ مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ اسلامی اقدار کی مدد سے دنیا بھر کو مزید پرامن ، بہتر اور انصاف کی حامل دنیا بنایا جاسکتا ہے ۔ تقریب میں اقوام متحدہ میں تعینات ممالک کے سفیروں ، مندوبوں اور اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ محمد نے شرکت کی۔ مہمانوں اور شرکاء کی 6اسلامی ممالک سمیت پاکستانی کھانوں سے خاطر تواضح کی گئی اور حاضرین کرام، فارسی، اردو، ترکش اور دری زبان کے گانوں سے بھی محظوظ ہوئے۔