انگلینڈ اور آسٹریلیاآخری ایک روزہ میچ میں آج آمنے سامنے
مانچسٹر(آئی این پی ) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ (آج) اتوار کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا، میزبان انگلینڈ کو سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل ہے۔ عالمی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم کو سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے جبکہ دوسری جانب مسلسل فتوحات کے بعد انگلش کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ آخری میچ جیت کر کینگروز کو ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کرنے کیلئے پر عزم دکھائی دے رہے ہیں۔انگلینڈ نے آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میں 3 وکٹوں، دوسرے ون ڈے میں 38 رنز، تیسرے ون ڈے میں 242 رنز، چوتھے ون ڈے میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی میچ 27 جون کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔