مسلم لیگ ن‘ پیپلز پارٹی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے: میاں مقصود
لاہور (سپیشل رپورٹر) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ 25جولائی2018کے عام انتخابات میں عوام نااہل ،کرپٹ اور معاشی دہشتگردوں کومستردکردیں۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن)دونوں جماعتیں متعدد بار اقتدارمیں آئی ہیں مگر کسی نے بھی عوام کے بارے میں نہیں سوچا۔عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے عوامی مسائل کو حل کرنے کی بجائے اقتدار میں آتے ہی شاہانہ طرزحکمرانی اور پروٹوکول پر قومی خزانے کابے دریغ استعمال کرتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ۔چیف جسٹس اس حوالے سے بھی نوٹس لیں تاکہ عوام کی خون پسینے کی کمائی کاٹھیک استعمال ہوسکے۔قومی خزانے کودونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ چیف جسٹس کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کے لیے10روزمیں فارمولاطے کرنے کاحکم خوش آئند اقدام ہے۔پی ایس اوسمیت 22کمپنیاں پٹرولیم مصنوعات کودرآمدکرتی ہیں۔ملی بھگت کرکے ہر ماہ پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ کردیاجاتا ہے جس سے عوام کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ سے لے کر اشیاء خوردونوش تک ہر چیز کے نرخوں میں اضافہ ہوجاتاہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکسزلگانے کی ذمہ داری نہ حکومت اپنے ذمے لینے کو تیار ہے اور نہ ہی اوگرااپنے ذمہ لینے کوتیار ہے۔ہر ادارہ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر اپنی جان بچانا چاہتاہے۔