برائلر گوشت سمیت درجنوں اشیا کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ
برائلر گوشت کے نرخ بلندیوں پر۔ ریٹ مزید 8روپے اضافے کے بعد 283روپے ہوگیا۔ رواں ہفتے آلو ، پیاز، آٹا اور دالوں سمیت مزید 20اشیا کی قیمتوں میں 8فیصد ااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ افراط زر کی شرح میں 1.03فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ۔
کھانے پینے کی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں بے لگام اضافے کی وجہ سے عام آدمی شدید متاثر ہوتا ہے۔ ادارہ شماریات کی جاری کردہ اس رپورٹ سے پتہ چل رہا ہے کہ نگران حکومت کی طرف سے عوام کو وہ عارضی ریلیف بھی نہیں مل سکا جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ حکومت اشیائے صرف کی ارزاں نرخوں پر فراہمی اور قیمتوں پر کنٹرول میں ناکام نظر آتی ہے۔ عدالت کی طرف سے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ پر ایکشن ہوتا نظر آ رہا ہے مگر روز مرہ کی بنیادی اشیا ئے خورد و نوش کی قیمتوں میں تیز رفتار اضافہ پر کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔ مہنگائی عام آدمی کا مسئلہ ہے اور وہ اس سے بری طرح متاثر ہوتا ہے ۔ نگران حکومت کو قیمتوں پر سختی سے کنٹرول اور سرکاری نرخوں پر اشیا کی خریدو فروخت یقینی بنانے کے لئے سخت اقدامات کرناہوں گے ۔ اس کے ساتھ ایسے اقدامات سے بھی گریز کرنا ہوگا جس سے مہنگائی میں اضافہ ہو۔ پٹرولیم کی قیمت کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافہ کا بوجھ عوام کی برداشت سے باہر ہوگا جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ۔ نگران حکومت کا اپنا سارا زور مہنگائی پر کنٹرول اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میںاضافے کو روکنے پرہونا چاہیے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔ مقامی انتظامیہ برائلر کے گوشت اور سبزیوں کے ساتھ آٹا دال چینی جیسی اشیائے خورد ونوش کی سرکاری نرخ پر فراہمی یقینی بنائے اوردونوں ہاتھوں سے عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے والے منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔