ترکی پاکستان کی اوگسٹا 90 بی آبدوزوں کی مرمت اور انہیں جدید بنانے میں مدد دے گا، معاہدے پر دستخط
انقرہ (آئی این پی) ترکی پاکستان کی اوگسٹا90 بی آبدوزوں کی مرمت اور جدید بنانے میں مدد دے گا اس حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کی دفاعی ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور تجارت کے ادارے نے پاکستان کی وزارتِ دفاع کے دفاعی پیداوار کے ادارے کی جانب سے آبدوزوں کی مرمت سے متعلق کھولے جانے والے ٹینڈرز کو فرانسیسی فرم کے مقابلے میں جیتنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پاکستان نیوی میں موجود آبدوزوں کو مرمت اور جدید بنانے کے لیے کھولے جانے والے ٹینڈرز کو حاصل کرنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ ترکی پہلی بار کسی ملک کو آبدوزوں کی مرمت اور جدید بنانے کے عمل میں انجینئرنگ کی خدمات فراہم کررہا ہے۔ آگسٹا90 بی آبدوزیں جنہیں پاکستان میں خالد کلاس کا نام دیا گیا ۔ ڈیزل الیکٹرک اٹیک آبدزویں ہیں جو1994 ءمیں فرانس سے حاصل کی گئی تھیں۔
معاہدے پردستخط