موبائل فون صارفین پر ود ہولڈنگ ٹیکس بڑھنے سے بوجھ نہیں پڑےگا: شاہد خاقان
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موبائل فون صارفین پر وودہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ سے بوجھ نہیں پڑے گا۔ ٹیکس میں اضافہ جیسے انتہائی اقدام اٹھا کر ملکی معیشت کو مضبوط کررہے ہیں‘ نانگا پربت پر غیر ملکی سیاحوں پر حملہ ناقابل برداشت ہے حکومت سخت کارروائی کرے۔ وہ اتوار کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا سلسلہ گزشتہ دس برسوں سے جاری ہے جس کی روک تھام کیلئے پالیسیوں پر نظر ثانی اور نئی پالیسیاں تشکیل دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ نانگا پربت میں غیر ملکی سیاحوں پر دہشت گردوں کا حملہ ناقابل برداشت ہے اور حکومت دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کرے گی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پہلے بھی کہا ہے کہ صوبوں میں امن و امان کی صورتحال صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے لیکن جہاں جہاں وفاقی حکومت کی ضرورت ہو گی وہاں ہم مدد کیلئے تیار ہیں۔