طلبہ کائنات کا علم حاصل کرنے کے ساتھ نئے راز دریافت کریں: ولید اقبال

24 جون 2011
لاہور (خبر نگار خصوصی) طلبا و طالبات خدا کی بنائی ہوئی کائنات کا علم حاصل کریں اوراپنے اندر تحقیق ‘جستجو اور تخلیق کا جذبہ پیدا کریں ۔علامہ اقبال ؒ نے بھی اپنی شاعری میں جہد مسلسل کا پیغام دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارشاعر مشرق‘مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال ؒ کے پوتے ولید اقبال ایڈووکیٹ نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات سے اپنے خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد اورنظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید بھی موجود تھے۔ ولید اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال ؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے بہت سے پیغامات دیئے ہیں لیکن ان میں سے دو پیغام بہت اہم ہیں ۔پہلا پیغام یہ ہے کہ دنیا میں انسان اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق زندگی بسر کرے اور دوسرا یہ کہ انسان اس دنیا میں اللہ تعالیٰ کا نائب ہے لہٰذا اس حیثیت میں وہ کائنات کا علم حاصل کرے اورجذبہ تحقیق اور تخلیق پر عمل پیرا ہوتے ہوئے کائنات میں موجود نئے نئے راز دریافت کرے ۔قبل ازیں معزز مہمان کی آمد پر ذیشان خان‘محمد نعیم‘ بازغہ اوررمشہ سعید نے ان کا استقبال کیا ا ور نظریاتی سمر سکول کا بیج لگایا ۔نعت کے مقابلے میںانعامات حاصل کرنے والوں میںمریم قیوم‘اسامہ محمود‘سعدیہ‘حسن مقصود‘محسن مقصود‘عرج فاطمہ شامل ہیں جبکہ آرٹ مقابلوں میں خضر حسین‘حمزہ مبین اور نور جہانگیر نے انعامات حاصل کیے۔خدیجہ ہمایوں اورطٰحہ جاوید کو” دن کے بہترین طالب علم “ کا انعام دیا گیا ۔ گذشتہ روز نظریاتی سمر سکول کے تمام طلبا و طالبات اور اساتذہ کرام کوان کی مثالی کارکردگی پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین مجید نظامی نے اپنی طرف سے سوسوروپے دینے بطور انعام دینے کا اعلان کیا تھا ۔ان کی طرف سے یہ انعام ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشیدنے تمام طلبا و طالبات اور اساتذہ کرام میں تقسیم کئے۔