پلندری (آزاد کشمیر) (ریڈیو نیوز / وقت نیوز) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم چور دروازے کے ذریعے اقتدار میں نہیں آنا چاہتے‘ آزاد کشمیر میں پلندری کے مقام پر انتخابی جلسے سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر نشست پر پی پی کا امیدوار کھڑا کیا ہے‘ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اس پر سودے بازی نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ انتخابات جیت کر میں آزاد کشمیر کا دورہ کروں گا اور کشمیری عوام کے تمام مطالبات پورے کئے جائیں گے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کا پروگرام بھی موجود ہے جس کا اعلان بعد میں کریں گے۔ کشمیریوں کے حقوق کی پامالی کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ کشمیریوں کو وسائل فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے انتخابی نتائج کچھ بھی ہوں کشمیر کے ترقیاتی کاموں کی ذمہ داری میری ہی ہو گی خطہ کشمیر کو بے نظیر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کی پامالی کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ ہم سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کی قدر کرتے ہیں میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ دو دن کے بعد نتائج آپ کے سامنے ہوں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی پھر میں یہاں دورہ کر کے آپ کے مسائل سنوں گا اور انہیں حل کرنے کی کوشش کریں گے‘ آج میں مسائل حل کر نے کا وعدہ نہیں کرتا کیونکہ میں انتخابات پر اثرانداز نہیں ہونا چاہتا مگر عہد کر رکھا ہے کہ آپ کے مسائل ضرور حل کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں اپنے اور عوام کے درمیان بلٹ پروف شیشہ بھی حائل نہیں ہو نے دوں گا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024