مسلم لیگ نون کے قائد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ایسا انقلاب چاہتے ہیں جوچند افراد کی اجارہ داری کوختم کردے

24 جون 2011 (16:23)
آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں انتخابی مہم کے آخری روزجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نون لیگ کے قائد میاں نوازشریف نے کہا کہ ملک کو ایک ایسے انقلاب کی ضرورت ہے جوسٹیٹس کو، ختم کردے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیرمیں دھاندلی کو ہرطریقے سے روکا جائے جبکہ پورے آزاد کشمیر میں نون لیگ ہی کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس وزیراعظم نے ایٹمی دھماکے کرکے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اسی کو ملک بدر کردیا گیا جو ایک المیے سے کم نہیں۔
اس سے پہلے پتیکا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو آج آزاد کشمیرکی ترقی یاد آرہی ہے حالانکہ جس ترقی کی باتیں کی جارہی ہیں وہ آزاد کشمیرکا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام بے روزگاری، غربت اورلوڈشیڈنگ کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن حکمران اپنی جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہیں۔ مسلم لیگ نون کے قائد کا کہنا تھا کہ وہ ایسی حکومت لائیں گے جو آزاد کشمیر کے لوگوں کی قسمت بدل دے گی۔