ملک میں بد عنوانی کا بازار گرم ہے۔ جنہوں نے پاکستان میں بے چینی کی فضا قائم کی وہ آزاد کشمیر کو کیا دیں گے۔ میاں نوازشریف
آزاد کشمیر کے شہر پتیکا میں انتخابی مہم کے آخری روز جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم کو آج آزاد کشمیر کی ترقی یاد آ رہی ہے حالانکہ جس ترقی کی باتیں کی جارہی ہیں وہ آزاد کشمیر کا حق ہے۔انہوںنے کہا کہ انہوں نے پاکستا ن کی تاریخ میں ایسی حکومت نہیں دیکھی۔ عوام بے روزگاری، غربت اور لوڈشیڈنگ کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں وہ صرف اپنی جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہیں۔میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں معاشی ترقی عروج پر تھی۔ہماری سیاست جھوٹ اور منافقت کی سیاست نہیں اور نہ ہی ہم پر بد عنوانی کا کوئی کیس ہے۔مسلم لیگ نون کے قائد نےکہا کہ اگرانہیں موقع ملا تو وہ نیا کشمیر بنائیں گے اورایسی حکومت لائیں گے جو آزاد کشمیر کے لوگوں کی قسمت بدل دے۔میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیاست کو کرپشن نہیں عبادت سمجھتے ہیں عوام آمروں کے سامنے سر نہ جھکائیں جبکہ ملک میں آئین توڑنے والوں کا احتساب بھی ہونا چاہیئے۔