کیا یہی شہباز شریف ٹاسک فورس ہے

24 جون 2011
مکرمی! پنجاب حکومت نے شادی ہال کا ٹائم رات دس بجے تک مقرر کیا ہوا ہے۔ لوگوں کا شادی ہال میں فنکشن چل رہا ہوتا ہے۔ پولیس والے آکر کہتے ہیں ہم چالان کر دیں گے، جلدی کریں جبکہ ابھی ٹائم ختم ہونے میں دو سے ڈھائی گھنٹے باقی ہوتے ہیں اور ساتھ ہی شناختی کارڈ لے کر”کارروائی“ کرنے لگتے ہیں۔ ان ”پولیس“ والوں کی عمریں 21 سے 22سال کے درمیان ہیں اور شولڈر پر دو عدد پھول بھی لگے ہوئے ہیں یہ مسئلہ میرے ساتھ 18 جون 2011ءکو پیش آیا جب میں نے ان سے بات کی تو انہوں نے مجھے ”شہباز شریف ٹاسک فورس“ بتایا۔ اس دوران ہال کے ایک ملازم نے آ کر کہا ”جناب جانے دیں ان سے”مک مکا“ کر لیں۔ میں نے اپنے مہمانوں اور فنکشن کی خاطر ایسا کیا اور ان ”پولیس والوں“ سے پوچھا کہ کتنے پیسے چاہئیں؟ تو انہوں نے 300 روپے لیکر مجھے ہر قسم کی پریشانی سے آزاد کر دیا۔ جی ٹی روڈ آخری منٹ سٹاپ کی بیک سائیڈ پر جہاں شادی ہالوں کی مارکیٹ ہے یہ لوگ سات سے دس بجے رات تک پیسے بٹورتے رہتے ہیں۔ کیا یہ اصل ٹاسک فورس ہے؟
(فیصل حق0300-9457727)