مغربی میڈیا کے پروپیگنڈے کے باعث سڑکوں پر آئے: ایرانی شہریوں کا ٹی وی انٹرویو میں اعتراف
نیویارک (نمائندہ خصوصی) امریکی میڈیاکے مطابق ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے وائس آف امریکہ اور بی بی سی سمیت مغربی میڈیا کے پروپیگنڈہ کے باعث شروع ہونے والی ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کے بیانات کی ویڈیوز جاری کردی ہیں۔ان ویڈیوز میں ایران کی منتخب حکومت کے خلاف اشتعال آمیز کاروایﺅں کا مور د الزام مغربی میڈیا کو ٹھہرایا جا رہاہے۔ وائٹ ہاﺅس کے ترجمان نے کہا کہ ایران میں ہونے والے مظاہرے کسی بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہیں ۔مظاہرین نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رکھی ہے تاہم امریکہ ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔صدارتی انتخابات کے بعد ہونے والے ہنگاموں میں سرکاری اور نجی املاک کو آگ لگا دی گئی جبکہ متعدد افراد اس دوران پرتشدد واقعات میں لقمہ اجل بن گئے۔ ویڈیو میں ایسے ایرانی شہریوں کے انٹرویو نشر کئے گئے جنہوں نے ہنگاموں میں حصہ لیا ان کا کہنا تھا کہ وہ وائس آف امریکہ کی فارسی سروس اور بی بی سی کے پروپیگنڈے کے باعث سڑکوں پر نکل آئے۔ ایک ایرانی خاتون نے کہا کہ میرے بیٹے نے جرات کا مظاہرہ کرنے کیلئے ہینڈ گرنیڈ ہاتھ میں اٹھا کر احتجاج میں حصہ لیا۔ اس نے بتایا کہ سڑکوں پر ہمارے جیسے لوگ گاڑیوں اور سرکاری املاک کو آگ لگا رہے تھے۔ ایک اور نوجوان نے ایرانی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ ہم نے تہران کے ایک ایسے علاقے میں پرتشدد واقعات میں حصہ لیا جو موبائل فونز کے حوالے سے مشہور ہے۔ اس نے بتایا کہ میں نے صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بھائی کے ساتھ ملکر لوٹ مار میں حصہ لیا۔ درمیانی عمر کی ایک عورت نے بتایا کہ وائس آف امریکہ کے پروپیگنڈے سے وہ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکی اور وہ بھی اپنے گھر سے احتجاج کیلئے نکل آئی۔