آزاد کشمیر کے عوام کل تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دینگے،مودی کی زبان بولنے والوں کی ضمانتیں ضبط ہو جائینگی:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے باشعور عوام کل پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں نے دلفریب نعروں کے سوا کشمیری عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ملک و قوم کو لوٹنے والوں کو آزاد کشمیر میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان عناصر نے مسئلہ کشمیر پر کبھی کھل کر بات نہیں کی اور ہمیشہ اپنے مفادات کو عزیز رکھا۔ کشمیر کے غیور عوام اپوزیشن کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے۔ مودی کی زبان بولنے والوں کی کل ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں پر بھارت کے جبر و استبداد کے خلاف بھرپور آواز بلند کی۔ کشمیری عوام جانتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور وزیراعظم عمران خان ہی کشمیری عوام کے حقیقی وکیل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے مودی سرکار کا مکرہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا.