عید پر عوام کو مشکلات کا سامنا
مکرمی! پورے ملک میں عید پرامن طریقے سے گزری مگر دیگر کئی حوالوں سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عید کے روز اور اگلے دو دن بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ جس سے زندگی عذاب بن گئی۔ عید کی رات طوفان بادو باراں چھتیں اور دیواریں گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بارشوں سے سیلاب تک کی نوبت آ جاتی ہے۔ بھارت ایسے مواقع پر گھٹیا دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیموں کے گیٹ کھول دیتا ہے ہمیں بارش اور سیلابوں کے تدارک کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ عید سے قبل مہنگائی کا عذاب بھی لوگوں پر مسلط رہا۔ دکانداروں نے گراں فروشی کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ گوشت میں استعمال ہونے والی سبزیوں کے لوگوں سے من مانے ریٹ وصول کئے گئے۔ سبزیوں میں ایک کلو پیاز کی زیادہ سے زیادہ قیمت 43 روپے مقرر تھی لیکن دکانداروں نے 65 روپے تک فروخت کئے۔ ایک کلو ٹماٹر کی زیادہ سے زیادہ قیمت 75 روپے مقرر تھی لیکن 140 روپے تک فروخت کئے گئے۔ اسی طرح ایک کلو دیسی لہسن 135 روپے کی بجائے 225 روپے ، ادرک 600 روپے میں فروخت ہوتا رہا۔ عید پر بڑے شہروں میں صفائی کی صورتحال ناقص رہی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا تھا صفائی کا خود جائزہ لوں گا۔ انہوں نے ضرور جائزہ لیا۔ جس سے لاہور میں صورتحال کافی بہتر رہی۔ دیگر شہروں کی انتظامیہ کو بھی جاگنا ہو گا۔ (ڈاکٹر شاہ نواز تارڑ‘ لاہور)