ٹریفک کا شور اور دھواں ، قابو پانے کی ضرورت
مکرمی! لاہور میں ٹریفک کا شور اور دھواں انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے اس مسئلے کی جانب حکام بالا کی توجہ مبذول کرانا چاہتی ہوں۔ لاہور کی آبادی میں روزافزوں اضافہ کے ساتھ ساتھ ٹریفک میں بھی دن دگنا رات چوگنا اضافہ ہورہا ہے سڑکوں کی تعمیر کے وقت بڑھتی ہوئی آبادی کا خیال نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے ٹریفک جام رہتی ہے انارکلی مارکیٹ ہو یا گلبرگ ، ساندہ ہو یا جی پی او چوک ہر وقت اور ہر جگہ ٹریفک کا ہجوم رہتا ہے گاڑیوں کے دھوئیں کے باعث سانس لینا مشکل ہوجاتا ہے۔ گاڑیوں کے شور اور ہارن کی آوازیں بھی انسانی سماعت کیلئے ضرررساں ہیں اس شور سے نہ صرف نظام سماعت خراب ہوتا ہے بلکہ یہ دل و دماغ کو متاثر کرتی ہے اگر ٹریفک کے شور اور دھوئیں میں اسی رفتار سے اضافہ ہوتا رہا تویہ انسانی صحت کیلئے بہت بڑے خطرے کا باعث ہے جلد ایسے اقدامات کئے جائیں جو اس مسئلے کو حل کرسکیں اور اسے قومی سطح پر حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ (ہما یاسین، اسلامیہ کالج، لاہور)