پی ٹی آئی کا وزیراعظم کے امریکہ کے کامیاب دورے سے واپسی پر ان کا فقید المثال استقبال کرنے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کی کامیاب تکمیل کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے وطن واپسی پر وزیراعظم کے شاندار استقبال کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی نے کارکنان کو اسلام آباد ائرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کردی ہے ۔عامر محمود کیانی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ برسوں کے انتظار کے بعد قوم کو عمران خان کی صورت میں صحیح قیادت میسر آئی ہے۔ اللہ رب العزت کے خاص فضل و احسان سے وزیراعظم کو دورہ امریکہ کے دوران تاریخی کامیابیاں ملیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم وزیراعظم کے دورہ امریکہ کی کامیاب تکمیل پر خوش اور پرجوش ہے،25 جولائی ہی کے روز عام انتخاب میں قوم نے عمران خان کو قیادت کا منصب سونپا۔عامر محمود کیانی نے کہا کہ قوم ان تاریخی کامیابیوں پر رب ذوالجلال کی شکر گزار ہے،پاکستان تحریک انصاف 25 جولائی کو یوم تشکر کے طور پر منائے گی،یوم تشکر کی تقریبات کا آغاز وزیراعظم کے وطن واپسی پر فقیدالمثال استقبال سے کریں گے۔پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کارکن اپنے محبوب وزیراعظم کے استقبال کیلئے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچیں،پوری قوم اپنے محبوب قائد کی جھلک دیکھنے کو بے تاب ہے۔