نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو 31 جولائی کو طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق نیب نے نوازشریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کی بھی طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نیب نے میاں نوازشریف کے بھائی عباس شریف کے بیٹے عبدالعزیز کو بھی اسی کیس میں طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طلب کیے گئے تمام افراد چوہدری شوگر مل میں شیئر ہولڈرز ہیں۔
واضح رہے کہ مریم نواز ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں،5 جولائی 2018 کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو 7 برس قید کی سزا سنائی تھی جب کہ نیب ریفرنسزمیں باربار طلب کیے جانے کے باوجود عدم پیشی پر حسین اورحسن نواز کو اشتہاری قراردے کر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ وزارت داخلہ نے دونوں کے پاسپورٹ بھی بلاک کردیے ہیں۔