لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال کیس کی سماعت سات اگست تک ملتوی کردی ہے، شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہر صورت حکومت کے خلاف جلسہ کریں گے۔تفصیلات کے مطابق آشیانہ اقبال ہاوسنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف،فواد حسن فواد سمیت دیگر ملزمان کو احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج وسیم اختر کے رو برو پیش کیا گیا۔دوران سماعت شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ نیب نے جھوٹ کا پلندہ تیار کیا ہوا ہے،جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ شہباز شریف عدالت کا وقت ضائع کررہے ہیں، کارروائی آگے بڑھانی چاہیئے۔عدالت میں ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی،جس کے بعد کیس کی سماعت سات اگست تک ملتوی کردی گئی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے شہبازشریف نے کہا کہ عوام کو دھوکا دیا جارہا ہے،آشیانہ اقبال میں جنہوں نے کرپشن پکڑی انہیں ہی مجرم کہا جارہا ہے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعطم نوازشریف کے ساتھ جیل میں ظلم ہو رہا ہے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پچیس جولائی کو ہر صورت حکومت کیخلاف جلسہ کریں گے۔احتساب عدالت کے باہر شہبازشریف سے اظہار یکجہتی کیلئے سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال،عطا تارڑ سمیت مقامی لیگی رہنماوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے.
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024