تنازعہ کشمیرپر ثالثی کے لیے ٹرمپ سے بہتر کوئی شخصیت نہیں ہوسکتی:ڈاکٹر فائی
واشنگٹن(این این آئی)واشنگٹن میں قائم ورلڈ کشمیر ایویئر نیس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہاہے کہ امریکہ میں مقیم کشمیریوں کو معلوم ہوا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ 71سال سے موجود تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے صدرڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے اختیار کئے گئے اصولی موقف اور ثالثی کی پیشکش پر کشمیری عوام نے اظہار تشکر کیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر فائی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیر کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے جذبات کا اظہار انسان دوستی اورحقیقت پسندی پر مبنی ہے جس کی امریکہ سمیت دنیا بھر میں حمایت کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات واضح ہے کہ تنازعہ کشمیر حل کرنے کے لیے ایک مضبوط اور مستحکم ارادے کی ضرورت ہے اور ایک نظریے کے حامل دانشمند شخصیت کو جو مذاکرات کرنا جانتے ہوں معلوم ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کوکس طرح اکٹھا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ تنازعہ کشمیرپر ثالثی کے لیے صدرٹرمپ سے بہتر کوئی شخصیت نہیں ہوسکتی جو کسی خاص طاقت کو خوش کرنے کے پابند نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات بلاخوف تردید کہی جاسکتی ہے کہ جو شخصیت تنازعہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے گی وہ نوبل امن ایوارڈ کے ساتھ ساتھ تاریخ میں ایک خاص مقام کی مستحق ہوگی۔
ڈاکٹر فائی