راولا کوٹ: ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے بزرگ خاتون شہید، شہری زخمی
راولا کوٹ (نوائے وقت رپورٹ) لائن آف کنٹرول کے گوئی سیکٹر میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے ایک خاتون شہری شہید ہو گئی۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے گوئی سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جان بیگم شہید ہو گئی۔ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے تتہ پانی سیکٹر میں بھی شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے سہڑہ گائوں کے رہائشی 60 سالہ سردار نسیم زخمی ہو گئے۔ بزرگ شہری کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کوٹلی منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ دوپہر ڈھائی بجے سے شروع ہوا جبکہ پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جا رہی ہے۔