سعید آباد سیکٹر فائیوجے میں گٹر ابلنے لگے‘ شدید تعفن سے زندگی اجیرن
کراچی(خبر نگار) بلدیہ ٹائون سعید آباد میں صفائی ستھرائی کا نظام مکمل طور پر ختم ہوکر رہ گیا ہے۔ علاقے کی تمام شاہراہوں پر کوڑا کرکٹ کے لگے ڈھیروں کو تاحال ٹھکانے نہیں لگای جاسکا جبکہ سعید آباد میں مرکزی شاہراہوں پر گٹر ابل رہے ہیں شدید تعفن اور بدبو کے باعث لوگوں کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے۔ سعید آباد سیکٹر فائیو جے میں گریس فل گرامراسکول روڈ 24 مارکیٹ روڈ ‘ چاندنی چوک دیگر سڑکوں پر کئی روز سے سیوریج کا پانی بہہ رہا ہے۔ متعلقہ عملے کی جانب سے تاحال سیوریج ٹرنک مین کی مشنری صفائی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ سیکٹر فائیو جے میں سیوریج کے گندے پانی کے باعث ہر طرف بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے وبائی امراض اور مچھروں کی بہتات ہے۔ شہریوں نے صوبائی وزیر بلدیات اور ایم ڈی واٹر بورڈ سے سعید آباد سیکٹر فائیوجے اور دیگر آبادیوں سیوریج کی بند لائنوں کو کھولنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔