کراچی اور حیدرآباد میں بجلی کا بڑا بریک ڈائون المیہ ہے:مصطفی کمال
کراچی (نیوزرپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کراچی اور حیدرآباد میں ہلکی بارش کے بعد بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اور واپڈا کا ترسیلی نظام ہلکی سی بارش برداشت نہیں کرسکتا لیکن اوور بلنگ کرتے ہوئے یہی نظام برق رفتاری سے دوڑ رہا ہوتا ہے جو انتہائی شرمناک ہے. انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں کراچی اور حیدرآباد کے عوام کل رات سے بغیر بجلی میں زندگی گزارنے پہ مجبور کردیے گئے ہیں اور انکی آواز سننے والے کوئی نہیں. انہوں نے وزیر اعلی سندھ مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک اورحیسکو کی سر زنش کریں اور بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کا نوٹس لیاجائے اور شہریوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بعد اب طویل بریک ڈاؤن کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے مثبت اور عملی اقدامات فی الفور بروئے کار لائے جائیں۔
مصطفی کمال