پلاسٹک بیگزسے متعلق ہائیکورٹ کے احکامات پرعملدرآمد کیاجائیگا :صوبائی وزیرتحفظ ماحول
لاہور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی وزیر برائے تحفظ ماحول محمد رضوان نے کہا ہے کہ پلاسٹک بیگز کے ماحول پر مضر اثرات کے پیش نظر اسلام آباد کے بعد پنجاب میں بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر جلد پابندی لگا دی جائے گی اور اس سلسلے میں محکمہ تحفظ ماحول نے چیف سیکرٹری پنجاب کو تجویز ارسال کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں این جی او کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔محمد رضوان نے کہا کہ پلاسٹک بیگز سے متعلق ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیا جائے گا اور رواں سال کے آخر تک پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پلاسٹک بیگ کے خلاف قانون سازی کے لئے اسمبلی میں بھی بل لائیں گے کیونکہ ماحولیاتی آلودگی کی بڑی وجہ پلاسٹک بیگ کا استعمال ہے۔