اسلامی قوانین کی حفاظت ہی مسائل کا حل ہے :لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہاہے امریکہ پاکستان تعلقات کی تلخ تاریخ ہے ۔امریکہ نے اپنے مفادات کے لیے کیا منوایا اور پاکستان کے لیے کیا ریلیف حاصل ہوا ، یہ ابھی راز ہے جلد راز امریکہ ہی افشا کرے گا ۔پاکستان کے لیے مسئلہ کشمیر ، افغانستان ، ایران تعلقات اور چین کے ساتھ سی پیک کا تحفظ ہے جبکہ امریکہ بالکل دوسرے موقف پر ہے ۔ اسلامی قوانین کی حفاظت ، آئین پاکستان کے مکمل نفاذ اور امتناع قادیانیت ایکٹ کا مکمل نفاذ ہی مسائل کا حل ہے ۔ قرضوں اور سودکی لعنت کا اقتصادی نظام عوام کا خون چوس رہاہے ۔عمران خان حکومت کی نااہلی ، ناکامی کی وجہ سے مہنگائی و بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے ۔ آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے دبائو پر صنعت ، تجارت ، زراعت تباہ کی جارہی ہے ۔