پرائمری ہیلتھ کیئر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے :چیف سیکریٹری
لاہور ( سپیشل رپورٹر) چیف سیکریٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھرکی زیر صدارت میڈیکل کے طلبہ کی میرٹ کی بنیاد پر مائیگریشن کیلئے ہارڈشپ کمیٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے آٹھ طلبہ کی میرٹ کی بنیاد پر مائیگریشن کی منظوری دیدی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، پرائمری ہیلتھ کیئر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ ٹیچنگ ہسپتالوں پر بوجھ کم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود سالانہ ترقیاتی پروگرام میںصحت کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے اورڈیرہ غازی خان میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جبکہ جنوبی پنجاب میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال قائم کئے جار ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہیومن ڈویلپمنٹ کے شعبے کو نظر انداز کیا گیا ، ڈاکٹروں، نرسوں او دیگر عملہ کی استعداد بڑھا کر بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مسائل موجود ہیں لیکن منصوبہ بندی کے تحت کام کر کے ان پر قابو پایا جا سکتا ہے۔