وزیراعظم کادورہ امریکہ تاریخ سازہے:عبدالعلیم خان
لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ اور صدر ٹرمپ سے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ تاریخ ساز ہے جو ملکی مفادات کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا،انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی سربراہ مملکت نے مسئلہ کشمیر پر اس قدر واضح آواز اٹھائی ہے کہ امریکہ صدر نے ثالثی کی پیشکش کر دی ہے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلا شبہ عمران خان کا دورہ امریکہ پاکستان کے عالمی تعلقات میں نئے باب کا اضافہ کرے گا ۔انہوں نے قومی لباس زیب تن کر کے ہم سب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ پرچیوں کے بغیر بھی بے لاگ اور دوٹوک گفتگو ہو سکتی ہے، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی میڈیا نے جس مثبت انداز میں عمران خان کے دورہ امریکہ کی تصویر کشی کی ہے وہ انتہائی حوصلہ افزاء اور لائق تحسین ہے۔