معاملات میں مزید بہتری کیلئے افسران سرپرائز وزٹس میں تیزی لائیں: آئی جی
لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خا ن نے کہا ہے کہ تھانوں کے معاملات میں مزید بہتری کیلئے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز سمیت تمام ایس پیز اپنے زیر انتظام پولیس سٹیشنز کے سرپرائز وزٹس میں تیزی لائیں اور تھانوں میں تعینات نفری کی حاضری اورکارکردگی کو چیک کرتے ہوئے انہیں پرفارمنس لیول بہتر سے بہتر بنانے کیلئے بریفنگ بھی دیں ۔ آئی جی پنجاب نے لاہور کے تھانوںمیں صفائی کی صورتحال اور پولیس وین میں گنجائش سے زیادہ ملزموں کو بٹھانے کے واقعہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ بد انتظامی کے ایسے واقعات کے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کاروائی سے ہرگز گریز نہ کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔دریں اثنا آئی جی نے صادق آباد کے نواحی علاقہ منٹھار میں 12 سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لینے کے بعد ڈی پی او رحیم یار خان عمر سلامت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی تھی جس پر ڈی پی اونے ابتدائی رپورٹ پیش کردی۔