کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی مندی رہی ,لاہور اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی دیکھی گئی۔

دنیا بھرکی اسٹاک مارکیٹوں کی طرح کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بھی کاروبارکا آغازمنفی ہوا اور انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران چودہ ہزار پانچ سوپوائنٹس کی سطح سے بھی نیچے آگیا۔جہانگیرصدیقی، ڈی جی خان سیمنٹ اور حب پاورسمیت فرٹیلائزراسٹاکس کی بڑی کمپنیوں کے حصص مندی کی لپیٹ میں رہے۔ کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس پندرہ پوائنٹس کمی کے بعد چودہ ہزار پانچ سو بارہ پوائنٹس پربند ہوا۔ کاروبار کے اختتام تک پانچ کروڑ اڑسٹھ لاکھ شئیرزکے سودے ہوئے۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ ایک جانب عالمی مارکیٹوں میں مندی کے منفی اثرات اسٹاک مارکیٹ پرہیں تو دوسری جانب ملکی سیاسی صورتحال اوراین آر او عملدرآمد کیس نے مارکیٹ کی سرگرمیوں کو محدود کررکھا ہے۔دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میںبھی آج مندی کا رجحان رہا اورایل ایس پچیس انڈیکس نو پوائنٹ کی کمی کے ساتھ تین ہزار چھ سو اکسٹھ پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں چوراسی کمپنیوں کے سترہ لاکھ آٹھ ہزار چار سو حصص کا کاروبار ہوا۔ چھ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، اکتیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ سینتالیس کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔