مسلم لیگ نون کے ترجمان احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے کسی بھی قومی معاملے پر اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات، پاک بھارت مزاکرات، پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے اور چیف آف آرمی سٹاف کی مدت ملازمت میں توسیع حکومت کے اپنے فیصلے ہیں جس میں پارلیمنٹ تک کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد سے گریزکر رہی ہے اور کرپشن مقدمات میں ملوث مافیا کو تحفظ دینے کی کوششوں میں مصروف ہے، ان کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کو روکنے کے سلسلے میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ بجلی کے تمام منصوبوں میں حکومت کی توجہ صرف اپنی کمائی پر توجہ مرکوز ہے۔ احسن اقبال نے واضح کیا کہ مسلم لیگ نون جعلی ڈگریوں کے معاملے پراپنی حکومت بھی قربان کرنے کیلئے تیار ہے مگراصولی موقف سے دستبردار نہیں ہوگی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت جعلی ڈگری والوں کو تحفظ فراہم کررہی ہے۔