چین کے جنوبی علاقوں میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے ، ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے سات سو کے قریب پہنچ گئی
گزشتہ دو ماہ سے جاری طوفانی بارشوں کے باعث فوجیان ، جیانگ اور ہنان سمیت نو جنوبی صوبوں کے بیشتر علاقے زیرآب آچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر چھبیس صوبے متاثر ہوئے ہیں ۔ ان علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے سے اہم شاہراہیں بند اور نظام زندگی مفلوج ہو کررہ گیا ہے ۔ چھہترلاکھ ایکٹر رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ متعدد مقامات پر کوئلے کی کانوں میں بھی حادثے ہوئے ہیں ۔ حکام کے مطابق سیلاب اور بارشوں کے باعث چھ لاکھ ستر ہزار سے زائد عمارتیں تباہ جبکہ بارہ کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے اور تیرہ لاکھ متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرچکے ہیں۔ اب تک سات سو چھیالیس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ تین سو ساٹھ سے زائد لاپتہ ہیں ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہا تو بڑے ڈیم ٹوٹنے کا خدشہ ہے ۔ سیلاب اور بارشوں سے اب تک ہونیوالے نقصانات کا تخمینہ تئیس ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔