عمران خان کی حکومت کو پی پی چلا رہی، مستعفی ہو جائے تو آج گر جائیگی، مصطفیٰ کمال
کراچی (این این آئی، نوائے وقت رپورٹ) پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کو پیپلزپارٹی چلارہی ہے،پیپلزپارٹی اگر مستعفی ہوجائے تو حکومت آج گرجائے گی، وزیراعظم یوٹرن کے ماسٹر ہیں ، مردم شماری پر بھی یوٹرن لے لیں تو پچھلے سب یوٹرن جائز ہوجائیں گے، کراچی متنازعہ مردم شماری پر خاموش نہیں رہے گا، اعدادوشمار درست نہ کیے تو ہر سطح پر لڑائی ہوگی، وفاق اتحادیوں کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے، ایم کیو ایم جیسی جماعت کوآج تک نیب کا نوٹس کیوں نہیں آیا، گورنر ہاوس سندھ سیاسی دفتر بناہوا اور مخالفین کو کچلنے کیلئے استعمال ہورہا ہے۔احتساب عدالت میں کلفٹن اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ متنازعہ مردم شماری کو قانونی قرار نہیں دیا جاسکتا، سب کہہ چکے ہیں کراچی کی آبادی تین کروڑ سے زائد ہے، ہم کراچی کے مسائل حل نہ ہونے پر مایوسی کا شکار ہیں، چیف جسٹس نے خود کہا کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے زیادہ ہے، نادرا کے مطابق یہاں 2 کروڑ 40 لاکھ شناختی کارڈ جاری ہوچکے ہیں، 13 سال سے ایک بس نہیں دی، شہر کو کچرا بنا دیااور ہم خاموش رہے لیکن مردم شماری پر خاموش رہے تو تاریخ معاف نہیں کریگی۔