سٹیٹ بنک کاشرح سود میں اضافہ نہ کرنا خوش آئند ہے :کارپٹ مینو فیکچررز
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ سٹیٹ بنک کی جانب سے شرح سود میں اضافہ نہ کرنا خوش آئند ہے لیکن معاشی سر گرمیوں کو فرو غ دینے کیلئے نیچے لانے کی ضرورت ہے، ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں سٹیٹ بنک کی بعض شرائط مشکلات کا باعث ہیں جنہیں دور کیا جائے۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے ہفتہ وار جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سعید خان ،محمد اکبر ملک، میجر(ر) اختر نذیر،دانیا ل حنیف،فیصل سعید خان سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کارپٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل پر غور اور ان کے حل کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ریاض احمد نے کہا کہ پاکستانی قالین پوری دنیا میں ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ لیکن نامساعد حالات کی وجہ سے عالمی مارکیٹوں میں دوسرے ممالک اپنی گرفت مضبوط کررہے ہیں۔حکومت مقامی سطح پر سرپرستی کرے اوربیرون ممالک مارکیٹنگ اوربرآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔