آرمی چیف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کیمطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی ناظم الامور نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ افغانستان میں امن کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’’امید ہے کہ نئی امریکی قیادت سے پاکستان امریکہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔‘‘ بلاشبہ افغانستان میں پائیدار امن ہی خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے تاہم پاکستان کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ عالمی اور علاقائی امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہنے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کیلئے سلگتے مسائل بھی حل کئے جائیں اور نومنتخب امریکی قیادت پاکستان کو فرنٹ لائن اتحادی صرف سمجھے ہی نہیں بلکہ مانے بھی۔ خطے میں امن دشمنی کی جڑ کاٹنے کیلئے بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دے۔ افغانستان امن عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچائے اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب امور پہلی ترجیح قرار دیا جائے تاہم جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات خوش آئند ہے جو یقیناً نئی امریکی قیادت کی طرف سے تعلقات کے فروغ کا عندیہ بھی ہے۔